loader

عمر اکمل کی سزا تین سال سے ڈیڑھ سال کردی گئی۔

  • Created by: editor
  • Published on: 29 Jul, 2020
  • Category: Sports / Sports
  • Posted By: Editor

Post Info

میچ فکسنگ اور بکیوں کے ساتھ رابطہ کرنے اور پی سی بی کو اطلاع نہ کرنے پر تین سال معطلی کی سزا پانے والے عمر اکمل کی سزا میں ڈیڑھ سال کی کمی کر دی گئی ہے۔ پی سی بی کے آزاد ایڈجیوڈیکٹر جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر نے عمر اکمل کی سزا کے خلاف اپیل میں 13 جولائی کو ہونے والی سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ جمعرات 30 جولائی کو جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر کی جانب سے عمر اکمل کی سزا میں کمی کی اپیل پر اپنا فیصلہ سناتے ہوئے سزا تین سال سے کم کر دی۔ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ سے قومی کرکٹر عم اکمل کی بکیوں کے ساتھ رابطے کرنے اور بورڈ کو اس کی اطلاع نہ کرنے پر دو چارجز لگا کر انہیں 20 فروری 2020ءکو معطل کر دیا تھا۔ جس پر پی سی بی ڈسپلنری پینل کے سربراہ جسٹس (ر) فضل میراں چوہان نے عمر اکمل کا موقف سننے کے بعد ان پر تین سال تک نیشنل اور انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کر دی تھی جس پر عمر اکمل نے سزا کے خلاف اپیل کی تھی۔ سزا میں کمی پر فیصلہ سننے کے بعد عمر اکمل کے وکیل طیب رضوی کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہم جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر کے مشکور ہیں جنہوں نے ہمارے موقف کو سنا اور میرے کلائنٹ کی سزا میں کمی کی۔ ہمیں سزا میں مزید کمی کی توقع تھی اب مزید کیا کرنا اس حوالے سے مزید مشاورت کے ساتھ فیصلہ کرینگے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ایسے جرم پر کم سزائیں سنائی گئی تھیں۔ اس موقع پر ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ سزا میں کمی پر اﷲ تعالی کا شکر ادا کرتے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ فیصلے سے مطمیئن نہیں ہیں کیونکہ ایسے کیسز میں ماضی میں تین ماہ اور چھ ماہ کی سزائیں ملتی رہی ہیں۔ سزا میں مزید کمی کے لیے اپنی فیملی اور وکلا کے ساتھ مشاورت کروں گا۔ عمر اکمل کا کہنا تھا کہ میں جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے مجھے اور میرے وکیل کو سنا۔ واضح رہے کہ پی سی بی آزاد ایڈجیوڈیکیٹر کی جانب سے سزا میں ہونے والی کمی کے بعد عمر اکمل اگست 2021ءکے بعد کرکٹ کھیلنے کے اہل ہونگے۔ 

Related Posts