loader

محکمہ موسمیات نے 10 جنوری سے دوبارہ شدید سردی کی پیش گوئی کر دی۔

  • Created by: editor
  • Published on: 04 Jan, 2020
  • Category: News / Weather
  • Posted By: Editor

Post Info

سال نو کے آغاز میں ہی سردی کی شدت میں معمولی کمی آئی ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ 10 جنوری سے دوبارہ سردی کی شدید لہر آئے گی جبکہ بارشوں کے متعدد سلسلے بھی متوقع ہیں۔تفصیل کے مطابق سردی کے حوالے سے کئی ایک ریکارڈ توڑنے کے بعد گزشتہ سال کا ماہ دسمبر تو ماضی کا حصہ بن چکا لیکن اب ماہ جنوری بھی اِسی کے نقش قدم پر چل رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے قرار دیا گیا ہے کہ کچھ علاقوں میں سردی کی شدت میں معمولی کمی تو آئی لیکن 10جنوری کے بعد سردی میں دوبارہ شدت آنے کا امکان ہے۔اس کے علاوہ ماہ جنوری کے دوران بارشوں کے متعدد سلسلے بھی متوقع ہیں۔ اِن میں سے ایک معتدل سلسلہ متحرک ہو چکا ہے جبکہ دیگر دو سلسلے 5 اور 13 جنوری کو بارشیں برسانے کا باعث بنیں گے۔ بارشوں کا زیادہ زور تو ملک کے بالائی علاقوں میں رہے گا لیکن لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں پر بھی اِس کے اثرات مرتب ہوں گے۔ جنوری کے دوران دھند کی شدت میں مزید اضافے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ملک کے دیگر علاقوں کی بات کی جائے تو پنجاب اور بالائی سندھ میں دھند کے ڈیرے ہیں۔ پہاڑوں پر شدید برف باری نے سیاحوں اور علاقہ مکینوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے جبکہ سڑکوں سے برف ہٹانے اور ٹریفک بحالی کا کام بھی جاری ہے۔خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں برفباری ہوئی۔ سوات میں وادی کالام سمیت مٹلتان، اتڑور، گبرال اور مہوڈنڈ جھیل کا زمینی راستہ منقطع ہو گیا۔ 2 سے 4 فٹ تک برف پڑنے کی وجہ سے سیاحوں کی گاڑیاں پھنس گئیں۔ بھاری مشینری کے ذریعے برف ہٹانے اور ٹریفک بحالی کا کام جاری ہے۔ 

Related Posts